272

تلہ گنگ شہر کے محلہ بنگلہ نور شاہ میں مبینہ ڈکیتی کی واردات ،تیس سالہ شادی شدہ شخص قتل

تلہ گنگ شہر کے محلہ بنگلہ نور شاہ میں مبینہ ڈکیتی واردات میں تیس سالہ شادی شدہ شخص قتل کر دیا گیا،بھائی کی درخواست پر تین نا معلوم ڈکیتوں کیخلاف مقدمہ درج ،پولیس کی قتل واردات کیس مختلف زاویوں سے تفتیش جاری ۔

تفصیلات کے مطابق مدعی ذوالفقار حیدر ساکن بنگلہ نور شاہ تلہ گنگ نے پولیس تھانہ سٹی تلہ گنگ کو رپورٹ درج کراتے ہوئے بتایا کہ میں اور میرا بھائی وقار ایک ہی گھر میں اپنی اپنی فیملیوں کے ساتھ رہائش پذیر ہیں ۔گزشتہ رات دس بجے کے قریب آہٹ ہونے پر میں کمرہ سے باہر نکلاتو صحن میں میری بھابھی کرسی پر رسیوں سے جکڑی ہوئی بیٹھی تھی ۔جس نے بتایا کہ اُس کا شوہر وقار پیشاب کرنے باہر نکلا تھا کہ تین نا معلوم ڈاکوؤں نے پکڑ لیا اور گھرکے کمرہ میں لے گئے ہیں ۔میں نے بھابھی کوکھولا اور جب کمرہ میں گئے تووقار بیڈ کے ساتھ باندھ ہوا تھا ۔جس کو تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال پہنچایا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کر دی ۔ ڈاکو جاتے ہوئے گھر سے نقدی بیس ہزار روپے اور طلائی زیورات لے اُڑے تھے ۔پولیس نے مقتول وقار کی لاش پوسٹ مارٹم کیلئے تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال تلہ گنگ منتقل کی جہاں پوسٹ مارٹم مکمل ہونے کے بعد میت لواحقین کے حوالے کر دی گئی ۔جبکہ تین نا معلوم افراد کیخلاف زیر دفعہ 302,460/34ت پ مقدمہ درج کر کے واقعہ کی مختلف زاویوں سے تفتیش شروع کر دی ہے ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں