201

فیملی ، کرایہ داری اور دیگر چھوٹے مقدمات کے علاوہ بزرگ شہریوں اور بچوں سے متعلقہ مقدمات کے فیصلے فوری طور پر کیے جائیں۔ سائلین کو جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو ممکن بنائیں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری انوار احمد خان

چکوال( نمائندہ بے نقاب) ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری انوار احمد خان نے بدھ کے روز تمام جج صاحبان کے ماہانہ اجلاس میں ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ فیملی ، کرایہ داری اور دیگر چھوٹے مقدمات کے علاوہ بزرگ شہریوں اور بچوں سے متعلقہ مقدمات کے فیصلے فوری طور پر کیے جائیں۔ اجلاس میں ضلع چکوال کے تمام جج صاحبان نے شرکت کی۔ اجلاس میں

جج صاحبان کی ماہ فروری کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج چوہدری انوار احمد خان نے کہا کہ جج صاحبان اپنی تمام تر کوششوں کو بروئے کار لاتے ہوئے سائلین کو جلد از جلد انصاف کی فراہمی کو ممکن بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ تمام زیر ا ط لتوا ڈگری اجراء کے جلد از جلد فیصلے کریں۔ علاوہ ازیں 2013کے تمام مقدمات اور بیرون ملک پاکستانیوں کے مقدمات کو ترجیحی بنیادوں پر ان کے فیصلے کریں۔ ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج نے مزید ہدایت کی کہ2012سے پہلے والے جائیداد کی تقسیم کے تمام مقدمات کا فیصلہ روزانہ کی بنیاد پر سماعت کرتے ہوئے کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ مستحق افراد کی درخواستیں ڈسٹرکٹ لیگل ایمپاورمنٹ کمیٹی کو فوری طور پر بھیجیں تاکہ مستحق افراد کو مقدمات کی پیروی کیلئے مفت قانونی امداد فراہم کی جا سکے۔اجلاس میں سید فہیم احمد شاہ سول جج تلہ گنگ نے ڈگری کے اجراء کے موقع پر لیکچر دیا۔ اس موقع پر تمام جج صاحبان نے بھی اپنے اپنے دلائل پیش کیے۔ ماہ فروری کی بہترین کارکردگی پر ایڈیشنل سیشن جج تلہ گنگ جاوید اقبال بوسال، ایڈیشنل سیشن جج نادیہ اکرام ملک، سینئر سول جج جوڈیشل عباس رسول وڑائچ اور فہیم احمد شاہ سول جج تلہ گنگ کو تعریفی اسناد دی گئیں۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں