419

چکوال میں سیکورٹی اور امن وامان کے حوالے سے صورتحال مکمل طورپر قابو میں ہے اور گیارہ تھانوں اور آٹھ پولیس چوکیوں پر موثر گشت کا نظام موجود ہے۔ ذوالفقار احمد

چکوال(نمائندہ بے نقاب) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چوہدری ذوالفقار احمد نے ہفتے کے روز بتایا کہ ضلع چکوال میں سیکورٹی اور امن وامان کے حوالے سے صورتحال مکمل طورپر قابو میں ہے اور ضلع چکوال کے گیارہ تھانوں اور آٹھ پولیس چوکیوں پر موثر گشت کا نظام موجود ہے اور گزشتہ عرصے میں کوئی سنگین نوعیت کا بڑاواقعہ رونما نہیں ہوا ہے ۔

وہ اپنے دفتر میں سیکورٹی کے حوالے سے پارلیمنٹرینز کے اعلیٰ سطح کے اجلاس میں بریفنگ دے رہے تھے۔ اجلاس میں چیئرمین دفاعی پیداوار سینٹ کمیٹی لیفٹیننٹ جنرل(ر) عبدالقیوم ، مشیر وزیراعلیٰ پنجاب ملک سلیم اقبال، رکن پنجاب اسمبلی چوہدری سلطان حیدر علی، رکن پنجاب اسمبلی سردار ذوالفقار علی خان دلہہ اور ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد اور چیئرمین ضلع کونسل طارق اسلم ڈھلی بھی موجود تھے۔اجلاس میں تمام پارلیمنٹرینز نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ پارلیمنٹرینز نے سابقہ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمر جہانگیر اور سابق ڈی پی او محمد ہارون جوئیہ کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے انہیں شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا۔ ڈپٹی کمشنر غلام صغیر شاہد نے کہا کہ ضلع چکوال میں صفائی کے ناقص نظام کو بہتر کرنا، ناجائز تجاوزات کے خاتمے اور اراضی سنٹر کی حالت زار کو بہتر بنانا میری اولین ترجیح ہے اور عوام کی بہتری کے حوالے سے تمام اقدامات بروئے کار لائے جائیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں