460

چکوال شہر میں موجود تمام غیر قانونی اڈوں کو شہر سے باہر میونسپل کمیٹی چکوال کے جنرل بس اڈہ میں منتقل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری ،چکوال شہر میں تین اڈوں کے قانونی اور لائسنس کے تحت چلائے جانے کی تصدیق

چکوال(نمائندہ بے نقاب)تھانہ سٹی چکوال کے علاقہ مجسٹریٹ عارف خان نیازی نے چکوال شہر میں موجود تمام غیر قانونی اڈوں کو شہر سے باہر میونسپل کمیٹی چکوال کے جنرل بس اڈہ میں منتقل کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا ہے جس کے بعد چکوال شہر میں ٹریفک کے بڑھتے ہوئے مسائل کو کنٹرول کرنے میں مدد ملے گی،علاقہ مجسٹریٹ تھانہ سٹی چکوال عارف خان نیازی کو درخواست گزار اور کونسل راجہ حق نوازجنجوعہ ایڈووکیٹ نے بتایا تھا کہ چکوال

میں غیر قانونی اڈوں کی بھر مار ہے جس پر ڈی ایس پی ٹریفک چکوال انسپکٹر ملک ندیم سے رپورٹ مانگی گئی تھی جنھوں نے اپنی رپورٹ میں چکوال شہر میں تین اڈوں کے قانونی اور لائسنس کے تحت چلائے جانے کی تصدیق کی جبکہ باقی تمام اڈوں کے غیر قانونی ہونے کی رپورٹ جمع کرائی تھی،لائسنس والے اڈوں میں ایم پی اے چوہدری سلطان حیدر علی خان کا اڈہ، ایم این اے میجر طاہر اقبال کا اڈہ اور چیئرمین صوفی مشتاق حسین بھٹی کا اڈہ شامل ہے لیکن یہ تمام ڈی کلاس ویگن اڈے ہیں جبکہ ان میں کوسٹرز، بسیں، مسافر پک اپ بھی کھڑی ملتی ہیں،عدالت نے سماعت کے بعد ڈی ایس پی ٹریفک چکوال انسپکٹر ملک ندیم کا فوری طور پر تمام غیر قانونی اڈے میونسپل بس اڈہ میں منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔ یا درہے کہ جہلم روڈ پر ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چکوال کے سامنے مقامی گاڑیوں جن میں سوہاوہ، دیوالیاں، سہگل آباد، خان پور، کریالہ، چوآسیدن شاہ، پنڈدارنخان اور دیگر علاقوں کا غیر قانونی اڈہ موجود ہے، جناح پبلک سکول کے سامنے ڈھاب، تھینل ، کھودے، بلوکسر، منوال اور دیگر علاقوں کو جانے والی چھوٹی گاڑیوں کا اڈہ موجود ہے۔ بھون روڈ پر مارکیٹ میں بھون ، کلرکہار، تھوہا ہمایوں، کھائی اور دیگر علاقوں میں آنے والے افراد کے لئے غیر قانونی اڈہ موجود ہے۔ ریلوے روڈ کے سامنے بیگال، کرسال،منڈے، بھگوال،بلکسراور دیگر علاقوں کے عوام کے لئے چھوٹی گاڑیوں کا غیر قانونی اڈہ قائم کیا گیا ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں