324

عید الاضحی کے موقع پر چکوال پولیس نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل،ضلع بھر میں نماز عید کے 202اجتماعات منعقد،80کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ڈی پی او چکوال عادل میمن

چکوال(نمائندہ بے نقاب)ڈی پی او چکوال عادل میمن نے کہا ہے کہ عید الاضحی کے موقع پر چکوال پولیس نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ضلع بھر میں نماز عید کے 202اجتماعات منعقد ہونگے۔وہ جمعرات کے روز اپنے دفتر میں میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ڈی پی او نے مزید بتایا کہ عید الاضحی سے

ایک روز قبل سرچ آپریشن شروع کر دیا جائیگا۔اور ضلع بھر کے تمام داخلی راستوں پر پولیس چیک پوسٹیں قائم کر دی جائینگی۔1250ملازمین کو سیکورٹی کی ڈیوٹیاں سونپ دی گئی ہیں۔جبکہ پنجاب ہائی وے اور ٹریفک پولیس بھی اپنے فرائض منصبی بتدریج احسن ادا کریگی۔چکوال کی تمام تفریحی مقامات پر بھی پولیس کی بھاری نفری تعینات کی جائیگی۔تا کہ مقامی اور دور دراز علاقوں سے آئے ہوئے سیاحوں کو بہتر سہولیات میسر آئے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے 80کالعدم تنظیموں پر قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔جبکہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے کے لیے ڈی سی آفس اور ہوم ڈیپارٹمنٹ سے پیشگی اجازت حاصل کرنا لازمی ہوگا۔اور اگر کوئی بغیر اجازت کیمپ لگا کر کھالیں اکٹھی کرنے کا عمل کریگا تو پھر قانون حرکت میں آئیگا۔اور انکے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائیگی۔انہوں نے مزید بتایا کہ تمام نماز عید کے اجتماعات کے مقامات پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائینگے۔اور نمازیوں کے تحفظ کے لیے چھتوں پر بھی پولیس کے چاق و چوبند جوان تعینات ہونگے۔انہوں نے کہا کہ تمام بازاروں اور پبلک ٹرانسپورٹ اڈوں پر بھی جانچ پڑتال کا سلسلہ جاری رہیگا۔اور یہاں بھی سیکورٹی کے سخت انتظامات ہونگے۔انہوں نے مزید بتایا کہ نو عمر موٹرسائیکل ڈرئیوروں ،ون ویلنگ اور سلینسر نکلے موٹرسائیکلوں کے خلاف بھی مقدمات درج کیے جائینگے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کرتے ہوئے کسی بھی مشکوک سرگرمیاں دیکھتے ہی قریبی پولیس سٹیشن پر اطلاع کریں اور اطلاع کنندہ کے نام صیغا راز میں رکھا جائیگا۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں