319

حلقہ این اے65کے ضمنی الیکشن میں کاغذات نامزدگی کا مرحلہ شروع ،کاغذات نامزدگی 30اگست تک داخل کرائے جا سکیں گے

چکوال(نمائندہ بے نقاب)حلقہ این اے65کے ضمنی الیکشن میں کاغذات نامزدگی کا مرحلہ شروع ہوگیا ہے، کاغذات نامزدگی 30اگست تک داخل کرائے جا سکیں گے۔ مسلم لیگ ق کے چوہدری پرویز الہٰی نے یہ نشست خالی کی ہے،چوہدری پرویز الہٰی نے25جولائی کے الیکشن میں ایک لاکھ57ہزار497 ووٹ لیکر

کامیابی حاصل کی تھی اور پاکستان تحریک انصاف نے اس نشست پر اپنا امیدوار کھڑا نہیں کیا تھا اور چوہدری پرویزالہٰی کی حمایت کی تھی، اس نشست پر مسلم لیگ ن کے سردار فیض ٹمن نے ایک لاکھ6ہزار81ووٹ حاصل کیے تھے۔ اس نشست پر مجموعی طور پر دیگر سات امیدوار مختلف سیاسی جماعتوں کے میدان میں تھے ان میں سردار منصور حیات ٹمن آزاد امیدوار نے 11ہزار49، آزاد امیدوار محمد جہانگیر ملک نے507، متحدہ مجلس عمل کے پروفیسر حمید اللہ ملک نے2ہزار880 ،پاکستان جسٹس اینڈ ڈیموکریٹکٹ پارٹی کے محمد عامر نے821، تحریک لبیک پاکستان کے محمد یعقوب نے23ہزار839 ، آزاد امیدوار ملازم حسین نے1051 جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ہاشم خان ڈھرنال نے3ہزار250ووٹ حاصل کیے تھے۔ یہ بات دلچسپی سے خالی نہیں کہ چوہدری پرویز الہٰی کے ووٹوں کے مقابلے میں دیگر تمام اپوزیشن جماعتوں کے ووٹوں کو اکٹھا کیا جائے تو معاملہ انیس بیس رہ جاتا ہے۔ مسلم لیگ ق نے اس نشست پر چوہدری شجاعت حسین کو میدان میں اتارا ہے جبکہ اسی نشست پر سابق ضلع ناظم سردار غلام عباس کی بھی کوشش اور خواہش ہے کہ وہ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ ق کے مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے الیکشن میں حصہ لیں، مسلم لیگ ن نے ابھی تک ٹکٹ کا فیصلہ نہیں کیا ہے اور ٹکٹ حاصل کرنے کے خواہشمند حضرات میں سردار فیض ٹمن، ملک فلک شیر اعوان، شہریار اعوان اور ملک اسلم سیتھی شامل ہیں۔ بہرحال مسلم لیگ ن کی ہائی کمان اس حوالے سے سروے کررہی ہے سدابہار مسلم لیگی رہنما ملک سلیم اقبال نے منگل کے روز بتایا کہ سردار منصور حیات ٹمن سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں سے مذاکرات جاری ہیں ان شاء اللہ تمام جماعتوں کی مشاورت کے بعد متفقہ امیدوار میدان میں لائیں گے۔ اُدھر سردار غلام عباس نے لاہور میں چوہدری برادران سے طویل ملاقات کی ہے اور 14اکتوبر کے ضمنی الیکشن کے حوالے سے مشاورت اور تبادلہ خیال کیا ہے تاہم ابھی تک کوئی حتمی بات طے نہیں ہوئی ہے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں