375

حکومت پنجاب کی ہدایت پر چکوال شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا،شہر میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز

چکوال(نمائندہ بے نقاب)حکومت پنجاب کی ہدایت پر چکوال شہر کو صاف ستھرا بنانے کے لیے عملی اقدامات کا آغاز کر دیا گیا، شہر میں تجاوزات کے خلاف بڑے پیمانے پر آپریشن کا آغاز ،ہسپتال روڈ پر تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران غیر قانونی ٹھیے اور

دکانوں کے باہر لگائی گئی رکاوٹیں ختم کر دی گئیں۔ آپریشن کی نگرانی اسسٹنٹ کمشنر چکوال محسن اقبال نے کی جبکہ چیف آفیسرمیونسپل کمیٹی چوہدری سبط الحسن گوندل کی سربراہی میں ایم او آر میونسپل کمیٹی کاشف عدنان اور انفورسمنٹ انسپکٹر اسد عباس نے آپریشن میں حصہ لیا۔ رئیس خانہ روڈ پر لگائے جانے والے غیر قانونی ٹھیے مکمل طور پر ہٹا دئیے گئے جبکہ ہسپتال روڈ پر ہی میڈیکل سٹوروں اور دیگر دکانوں کے باہر قائم کی گئی تجاوزات اور رکھا گیا سامان ہٹوا دیا گیا۔ اکثر دکانداروں کاسامان ضبط بھی کیا گیا۔ آپریشن کے دوسرے روز آج چھپڑ بازار کی باری ہوگی جس میں چھپڑ بازار میں لگائے گئے تمام غیر قانونی ٹھیے اور ریڑھیاں ہٹوائی جائیں گی جبکہ پختہ تجاوزات مشینری کے ذریعے ختم کی جائیں گی۔دکانداروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ فوری طور پر آپریشن سے پہلے ناجائز تجاوزات ختم کر دیں ورنہ وہ قانونی شکنجے سے نہیں بچ سکیں گے۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں