244

عمران خان ریاست مدینہ کے دعوے کرنے سے پہلے مدینہ کی تاریخ پڑھیں ،پرانے ڈاکوؤں کو ساتھ ملا کر نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔خادم حسین رضوی

تلہ گنگ (نمائندہ بے نقاب) تحریک لبیک کے امیرخادم حسین رضوی نے کہا ہے کہ عمران خان ریاست مدینہ کے دعوے کرنے سے پہلے مدینہ کی تاریخ پڑھیں ،پرانے ڈاکوؤں کو ساتھ ملا کر نیا پاکستان نہیں بن سکتا۔ وہ حلقہ این اے65کے سلسلہ میں سات روزہ انتخابی مہم کے دوران تلہ گنگ پہنچ کر مختلف مواضعات میں انتخابی جلسوں سے خطاب کر رہے تھے۔اُنہوں نے جھاٹلہ

،رپوال،ملتان خورد ،لاوہ ،ڈھرنال،پچنند میں جلسوں سے خطاب کیا ۔جس میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی ۔ اس موقع پر حلقہ این اے65سے نامزد امیدوار پیر میجر(ر) یعقوب سیفی بھی موجود تھے۔ تحریک لبیک کے رہنماؤں سید تصدق منظور ،پیر سید حسنین شاہ ،زین العابدین رضوی اور دیگر قائدین بھی موجود تھے۔علامہ خادم حسین رضوی نے اپنے خطاب میں حکومت کو خوب آڑے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا کہ وہ وقت آنے والا ہے جب تاجدار ختم نبوت کے نعرے قومی اسمبلی میں گونجیں گے۔ علامہ خادم رضوی کا کہنا تھا کہ اگر دھاندلی کے مسئلہ پر ہم کھڑے ہو جائیں تو سب کچھ ٹھیک ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک لبیک پاکستان کی حکومت آئی تو سودی نظام کو سب سے پہلے ختم کیاجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارامذاق اڑانے والے اب خود چندہ مانگے پرمجبور ہیں۔ ریاست مدینہ کے دعویدار مہنگائی کا سدباب کریں۔ادھر امیدوار میجر (ر) محمد یعقوب سیفی کے طوفانی دورے جاری ہیں۔بڈھیا ل، پاتوالی ، پچنند ، لاوہ رورل ، کوٹ سارنگ، جھاٹلہ ، کے علاوہ دیگر علاقوں میں مسلم لیگ ق اور مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے اہم افراد نے بھی حمایت کااعلان کردیا ہے۔ جبکہ مسلم لیگ ن کے اکثریت کارکنوں نے بھی حمایت کی یقین دہانی کرا دی ۔ حمایت میں روزبروز اضافہ ہونے لگا ۔

اس خبر پر اپنی رائے کا اظہار کریں

اپنا تبصرہ بھیجیں